سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی
ملاقات میں ساہیوال، خانیوال، ملتان، لودھراں، وہاڑی، بہاولنگر ڈویژن کے ایم پی ایز شامل تھے۔ عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھاکہ کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی "تبدیلی” کی سوغاتیں تھیں اور تبدیلی کے نام پرمعیشت اور اقدار تباہ کی گئیں۔آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا لیکن بدقسمتی ہے کہ ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا
نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا اور بدتہذیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا، معیشت اور اقدار تباہ کیں، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، شہباز شریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے اور پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے جو وعدے کیے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔
