کراچی: حکومت سندھ نے فروری 2025 میں گرین لائن اور اورنج لائن بس سروس کا انتظام سنبھالنے کی تیاریاں مکمل کرلیں
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وفاقی حکومت سے گرین لائن بس سروس کا انتظام سندھ حکومت کو منتقل کرنے کے لیے رسمی کارروائیاں مکمل کرنے پر غورکیاگیا۔
اجلاس میں اورنج لائن بس سروس کے آپریشنز بھی حکومت سندھ کے حوالے کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو اور گرین لائن بس سروس منصوبے کے کنسلٹنٹس شریک ہوئے
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آپریشنز کی منتقلی کو بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنانے پر زور، کنسلٹنٹس کو ضروری کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی جبکہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن کو منصوبے کے معاہدے میں اصلاحات کے لیے قانونی پہلوؤں پر غور کرنے کی ہدایت کی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن منصوبہ جنوری میں حکومت سندھ کو سونپا جانا تھا، سندھ حکومت فروری 2025 میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے،شکایتیں تھیں کہ وفاقی حکومت نے گرین لائن میں مہنگے کانٹریکٹس کئے ہیں، حوالگی کے بعد حکومت سندھ اس پر دوبارہ غور کرے گی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے مسافروں کے لیے ایک اہم سہولت ہے، اور ہم اس کی کارکردگی اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں،ہماری ترجیح عوام کو ایک قابل اعتماد اور آرام دہ پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنا ہے۔سندھ حکومت شہری مراکز کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کو جدید بنانے اور توسیع دینا چاہتی ہے۔منتقلی کے بعد، سندھ حکومت گرین لائن بس سروس کو مستحکم شہری ٹرانزٹ کے ایک ماڈل کے طور پر برقرار رکھنے کے لیے آپریشنل بہتری اور اپ گریڈز پر عمل درآمد کرے گی۔
