spot_img

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے نومنتخب عہدیداران و اراکین گورننگ باڈی کی تقریب حلف برداری

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے نومنتخب عہدیداران و اراکین گورننگ باڈی کی تقریب حلف برداری آڈیٹوریم ون میں منعقد کی گئی، تقریب میں مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی ،قونصل جنرل ترکیہ، سری لنکا ،عراق سمیت فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن اور قومی ترانے سے کیا گیا، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن سال برائے 26-2025ءکے لیے کامیاب ہونے والے نومنتخب عہدیداران و اراکین گورننگ باڈی سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حلف لیا جس میں محمد احمد شاہ (صدر)، منور سعید (نائب صدر)، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی (سیکریٹری) اور نورالہدیٰ شاہ (جوائنٹ سیکریٹری) سمیت اراکین گورننگ باڈی میں شامل ڈاکٹر ہما میر، ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد ، محمد اقبال لطیف ، ڈاکٹر عنبریں حسیب عنبر، غازی صلاح الدین ، سید ساجد حسن، محمد ایوب شیخ ، اخلاق احمد خان ، امجد حسین شاہ ، عبداللہ سلطان، فرخ تنویر شہاب ، ڈاکٹر امجد سراج میمن، ڈاکٹر جعفر احمد ، عالیہ اقبال نقوی، وسیم بادامی ، چاند گل شاہ اور غوث اکبر نے حلف اٹھایا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ احمد شاہ ،عہدیداران اور گورننگ باڈی اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں، آرٹس کونسل میں احمد شاہ اور ان کی باڈی 2008ءسے جیتتی آرہی ہے، دو مرتبہ الیکشن نہیں ہوئے اس مرتبہ بھی احمد شاہ ہی کامیاب ہوئے، جس طرح احمد شاہ نے ہر سال اپنے پچھلے ریکارڈ کو توڑا اس کی مثال نہیں ملتی، یہی وجہ ہے کہ اس الیکشن میں بھی احمد شاہ کامیاب ہوئے ہیں ، دنیا بھر سے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ساڑھے چار سو فنکاروں کا کراچی آنا بہت بڑی بات ہے، جہاں دنیائے عالم خدشات اور تحفظات کا شکار ہے وہاں آرٹس کونسل کا عالمی سطح کا منفرد کام کرنا خوش آئند ہے، احمد شاہ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ مریخ سے بھی لوگ بلوا سکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ قائد اعظم نے پاکستان سیاست اور ڈیمو کریسی کے زور پر حاصل کیا تھا، آرٹس کونسل جیسے ادارے آرٹس اور فنکاروں کو فروغ دیں تاکہ وہ 80کی دہائی کی اس بند گلی سے نکل جائیں جس سے ہم نکل نہیں سکے تھے، سندھ حکومت نے آرٹس کونسل کے 1964 سے قائم آرٹ اسکول کو فعال کیا

انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل نے کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے بے مثال کام کیا ہے، سندھ حکومت اور آرٹس کونسل ایک ساتھ چل رہے ہیں، سمٹ میں شامل شرکاءسے دنیا بھر میں پاکستانیوں کا بہتر تاثر اور ہمارا مورال بلند ہوگا، ثقافتی و سماجی انقلاب کا سفر اسی طرح نئی جہتوں کے ساتھ جاری وساری رہنا چاہئے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں وزیراعلیٰ سندھ ،وزیر ثقافت ،کمشنر، مختلف ممالک سے آئے ہوئے قونصل جنرل سمیت تمام گورننگ باڈی اراکین اور آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ میری نہیں آپ کی جیت ہے، میں اور میرے ساتھیوں نے بھی یہ کوشش کی ہے کہ آپ سب کا اعتماد ہم پر قائم رہے، ہم نے جمہوری روایت کو قائم رکھا اور منتخب کرنے کا حق عام عوام کو ہی دیا، انہوں نے کہاکہ ہم اسلام آباد بھی جانا چاہتے ہیں اور کوفہ فتح کرکے آئیں گے، ان تمام کامیابیوں کے پیچھے سندھ حکومت اور خاص طور پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بہت بڑا اہم کردار ہے، مراد علی شاہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ہم سکھر اور لاڑکانہ بھی فیسٹیول کررہے ہیں

انہوں نے بتایاکہ چار سال سے الیکشن نہیں ہورہے تھے اور اس سال بھی کوئی امکان نہیں تھا، فن و ثقافت کے فروغ کے لیے سندھ میں تمام یونیورسٹیز کے ساتھ ایم او یو سائن کرلیا ہے، اس مرتبہ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی میں پانچ نئے لوگ شامل کیے ہیں جو نہایت ہی تجربے کار ہیں اور دنیا کے حالات سے بخوبی واقف ہیں، اس مرتبہ گورننس ، اکنامکس اور ماحولیاتی ایشوز سمیت پر بات ہوگی، نوبل انعام یافتہ شخصیات بھی آرٹس کونسل آئےں گی، اٹلی، فرانس، اسپین سے بھی آرٹسٹوں کو آرٹس کونسل لے کر آئیں گے، انہوں نے کہاکہ ہم 6نومبر کو ورلڈ کلچر فیسٹیول سمٹ کا آغاز کریں گے، نومبر 2025ءمیں ہونے والا ورلڈ کلچر فیسٹیول عالمی سطح کا فیسٹیول ہوگا ، ہم نے 64ممالک سے بات کرلی ہے ابھی نو مہینے باقی ہیں 100سے زائد ممالک کے فنکار اس مرتبہ آرٹس کونسل میں پرفارم کریں گے، ہم ورلڈ کلچر سمٹ کرنے جارہے ہیں دنیا کے پانچ بڑے ایشو سائنٹس ، انوائرمنٹ، وائلنس،اے آئی چیٹ جی پی ٹی ، ڈیجیٹیل ایولیشن جن کا نظام بیٹھ چکا ہے ان پر آرٹس کونسل میں بات کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے ٹیلنٹ ابھر رہا ہے، حیدرآباد اور سندھ کے دوسرے شہروں میں کام کرنا شروع کردیا ہے ، استادوں کی تنخواہیں بھی دی جارہی ہیں، میوزک فیسٹیول، تھیٹر فیسٹیول، یوتھ فیسٹیول اور بھی دوسرے پروگرام جاری رہیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں