آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے آرٹ اسکول کے طلباءکے فن پاروں کی نمائش

کراچی (رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آرٹ اسکول (ACIAC)کے تھرڈ ایئر طلبہ و طالبات کی بنائی گئی پینٹنگ کی نمائش ”Silver Lining“ کا افتتاح صدر آرٹس کونسل محمد احمدشاہ نے گیلری فل سرکل کلفٹن میں کیا، ان کے ہمراہ سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی، شاہد رسام، فرخ شہاب،محمد ذیشان، چاند گل اور شہرزادجونیجو بھی شریک تھے،

آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کرافٹس کے طلباء کے شاہکار سب کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ 1962میں آرٹس کونسل کراچی نے پیرس بنیلے میں حصہ لیا، 1964ءمیں نیویارک میں پاکستانی پینٹرز کی ایگزیبیشن کی، اٹلی نمائش میں گئے، بیلجیم اور ہالینڈ کا کام یہاں ہورہا ہے، ہمارے یہاں میوزک، ڈانس ، فائن آرٹ اور سنیماﺅں کو ختم کردیا گیا تھا، اس ملبے سے ہم نے ایک عمارت تعمیر کی ہے جہاں انڈس ، این سی اے کے علاوہ بڑے آرٹسٹ ان بچوں کو نکھارنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، آج ان طلباءکی بنائی ہوئی پینٹنگز توجہ کا مرکز بن چکی ہے، اس کام کو امریکا ، آسٹریلیا سمیت باہر بھی لے کر جائیں گے، انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کی نظریں ہم پر لگی ہوئی ہیں، ان کی تصاویر حالاتِ حاضرہ کا منظر پیش کررہی ہیں، ان بچوں کا کام دیکھ کر آج میں بہت خوش ہوں۔

شاہد رسام نے کہاکہ 7سال پہلے فائن آرٹ کے شعبے کو دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کا خواب دیکھا جو آج پورا ہوتا نظر آرہا ہے جس کا سہرا صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کو جاتا ہے، آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کرافٹس کے طلباءکا کام دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، یہاں صرف آرٹ کی تعلیم ہی نہیں بلکہ پوری گرومنگ کی جاتی ہے، مڈل کلاس طبقے میں آرٹ کو ترجیح نہیں دی جاتی، انہیں پتا ہی نہیں کہ آرٹ کا کوئی مستقبل ہے وہ زندگی میں اتنے کامیاب بھی ہوسکتے ہیں مگر آج ان بچوں نے اپنی محنت سے یہ ثابت کردکھایا کہ وہ کتنے قابل ہیں، ACIACکے ذیشان نے کہاکہ آج طلباءکا کام دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، ان کے کام میں اُمید کی کرن نظر آتی ہے، یہ بچے آگے چل کر پاکستان کا نام روشن کریں گے، بختیار احمد، حبیبہ مجیب الرحمن، کبیر عطامحمد، کرن اسلم مسیح، شہزاد بلوچ، یاسر نور اور زرناب بلوچ کی کے فن پارے نمائش میں لگائے گئے ہیں، نمائش میں شامل فن پاروں میں طلباءنے اپنی زندگی کے مشاہدوں اور واقعات کو کینوس میں قید کیا ہے، نمائش 22مئی 2023تک گیلری فل سرکل کلفٹن میں جاری رہے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں