کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر (بی آئی سی) نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے جمعرات کو یونیورسٹی کے تالپر ہاؤس کے سامنے ”اسٹارٹ اپ سمٹ 3.0: تصور سے کامیابی تک“ کا انعقاد کیا۔ اس اہم بزنس نمائش میں 90 سے زائد آخری سال کے بزنیس گریجویٹس نے صنعتوں کی نئی تعریف اور حقیقی دنیا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے 26 اہم اسٹارٹ اپ پروجیکٹس پیش کیے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اسٹارٹ اپ سمٹ کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں طلباء کی جانب سے مختلف پروجیکٹس/مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی، جن میں آئی ٹی سے متعلقہ مصنوعات، فیشن، موبائل ویڈیوگرافی، مختلف پبلیکیشنز، فیبرک، لیدر، کھجور سے بنی اشیا اور دیگر پروجیکٹس شامل تھے۔
ڈاکٹر مجیب صحرائی نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے نوجوان بزنس گریجوئیٹس کے جدید پراجیکٹس/اسٹارٹ اپس کو سراہا اور کہا کہ ان کے پاس نئے آئیڈیاز اور کاروبار کے میدان میں قدم رکھنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے اور یہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے بزنس گریجویٹس کے آئیڈیاز کی ایک منفرد نمائش ہے۔
وائس چانسلر نے نوجوان بزنس گریجوئیٹس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پراڈکٹس کی لانچنگ کے دوران قانونی تقاضائیں پوری کریں اور ان چیزوں کو چیک کریں جو خاص طور پر کھانے پینے اور دیگر مصنوعات میں استعمال ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مزید کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے یہ طلبہ اپنی اس قسم کی مہارت اور تعلیم سے ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کا خیال تھا کہ نوجوان ذہنوں کو کاروبار کے شعبے میں شامل کرنے سے وہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔
ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ آج آن لائن کاروبار نے کاروباری مرد و خواتین کو گھر بیٹھے آسانی سے اپنی مصنوعات فروخت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ایس ایم آئی یو کے بزنس گریجویٹس کو اس ڈیجیٹل ترقی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے اور وہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں نوکری تلاش کرنے کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کو ترجیح دیں۔ وائس چانسلر نے ڈین ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، اسسٹنٹ پروفیسر شاہد عبید اور شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے دیگر فیکلٹی ممبران کو بزنس پراجیکٹس کی کامیاب نمائش کے انعقاد میں طلباء کی مدد کرنے پر بھی سراہا۔
اس دورے کے دوران حکومت ترکیہ کی کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی- ٹیکا کے سربراہ خلیل ابراہیم بسران، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ کامرس ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو، اکیڈمک ایڈوائیزر ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، اسسٹنٹ پروفیسر شاہد عبید، رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر منصور احمد کھڑو، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سوشل اینڈ ڈیولپمنٹ سٹڈیز ڈاکٹر سبھاش بابو اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان وائس چانسلرکے ہمراہ تھے۔
