کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز بس سروس کے روٹس بڑھائے جا رپے ہیں، پیپلز بس سروس کی نئی بسیں اپریل تک آجائیں گی، ہماری کوشش ہے کہ پبلک پرائیٹ پارٹنرشپ کے تحت ای وی بسز بسیں چلائیں تاکہ عوام کو بہترین اور سستی سفری سہولت کے ساتھ ساتھ ماحول کا بھی تحفظ ہوسکے۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں یلو لائن بی آر ٹی کے بس ڈیپو کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ییلو لائین بی آر ٹی منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے، یلو لائن بی آرٹی کے پہلے حصے کے طور پر جام صادق پل تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرے حصے کے طور پر بس ڈیپو تعمیر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے عالمی معیار کا ڈبل اسٹوری ڈیپو بنایا جا رہا ہے، قبل ازیں یہ ڈیپو سنگل اسٹوری پر مشتمل تھا، اس ڈیپو میں ایک اور گنجائش بھی چھوڑی جا رہی ہے تاکہ بوقت ضرورت ایک اور چھت منزل بنائی جا سکے۔ یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا، یہ منصوبہ ورلڈ بنک کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی پر پہلے ڈیزل بسیں چلائی جانی تھیں، تاہم اب ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں ڈیپو میں چارجنگ کاسسٹم بھی لگایا جا رہا ہے، یہ ملکی تاریخ کی پہلی بی آر ٹی ہوگی جو ای وی بسز پر مشتمل ہوگی، اس سے لوگوں کی سستی اور بہترین سفری سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ای وی ٹیکسیز اور بائکس بھی لا رپے ہیں، اسکیم کے تحت رائیڈرز کو بھی ای وی بائیکس دیں گے جس سے بہت سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے معاملے میں چیلنجز سے نمٹنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ٹرانسپوٹرز سے بھی درخواست کی ہے کہ ای وی بسز لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر جلد کام ہوسکتا ہے، اسے 2026 سے پہلے مکمل کیا جا سکتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ یہ منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل ہو، شروعاتی طور پر اس ڈپو میں 346 بسیں پارک ہونگی۔قبضہ شدہ بس ڈیپوز کو بھی خالی کروایا جائے گا۔
ایک سوال کےجواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل میں کسی کو دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے، عمران خان کے لیے عالمی لابئیسٹ کام کر رہے ہیں۔ ان کی کوششیں ہیں کہ عمران خان کو پنجرے نکالا جائے، پنجرے سے باہر نکلنے کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت سے شکایت کی ہے، ان کی دھمکی کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کو مدارس بل کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رجوع کرنا چاہیے۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کے معاملے پر لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن روڈ سیفٹی اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے یہ بہت ہی اہم ہے، گاڑیوں کی فٹنس کا عمل یکم دسمبر سے شروع ہوچکا ہے۔
اس سے قبل سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کے بس ڈیپو کا دورہ کرکے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بیم القوامی کنسلٹنٹس نے سینئر وزیر شرجیل۔انعام میمن کو کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی