اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے جانے والی قومی کوششوں میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران کرک، بنوں میں پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر شہید ہوئے، ان کے لیے دعا کریں، پولیو کےخاتمے میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں 5 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے، 40 سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو بھی کیا گیا،اس طرح کے حادثات میں جن کے پیارے بچھڑ جائیں، وہ انہیں ساری زندگی یاد رکھتے ہیں۔ کشتی حادثے جیسے غیرقانونی طریقوں سے بے پناہ قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، بدقسمتی سے جولائی 2023میں بھی کشتی حادثہ ہوا جس میں 260 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی تھی، اس وقت ہم نے اس پر بڑی گہرائی میں جاکر فیصلے کیے تھے، تمام اداروں، وزارت خارجہ، داخلہ، بیرون ملک پاکستانی کے حوالے وزارت نے ہمہ گیر فیصلے کیے تھے۔ یہ ایک سنجیدہ چیلنج ہے، اس پر میں چند دن میں متعلقہ وزرا کی میٹنگ بلا رہا ہوں، 2023 کے واقعے کا جائزہ لیں گے۔
