اسلام آباد: دفتر خارجہ نے جنوبی یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے میں ایک پاکستانی کے جاں بحق اور 47 کے بچ جانے کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشتی الٹنے کے واقعہ میں بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی کی بھی تصدیق ہوئی ہے، حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جاں بحق یا لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔پاکستانی سفارت خانہ ہیلینک کوسٹ گارڈ اور چانیا کے کوسٹ گارڈ کے ساتھ رابطے میں ہے، کوسٹ گارڈ براہ راست تلاش اور بچاؤ آپریشن سے نمٹ رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سفارتخانے کے اہلکار بازیاب کرائے گئے پاکستانیوں سے ملنے کریٹ پہنچ گئے ہیں، سفارت خانے کے اہلکار انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے کریٹ میں موجود ہیں۔
