کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹیکسٹائل اینڈ لیدھر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ تمام معزز مہمانوں، نمائش کنندگان، صنعتی و کاروباری شخصیات کا خیرمقدم کرتا ہوں،یہ ایونٹ ہمارے ملک کی بہترین کاروباری و تخلیقی صلاحیتوں، مہارتوں و قابلیت کی نمائش کرتا ہے
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر گامزن ہے،اس طرح کی تقریبات عالمی کاروباری برادری کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کیلئے اہم ہیں۔حکومت سندھ برآمدات کو آسان بنانے اور کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار ماحول دینے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 270 نمائش کنندگان اور ٹیکسٹائل کے 500 سے زائد عالمی مندوبین کو راغب کرنے پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔نمائش میں ملبوسات، میک اپ، ہوم ٹیکسٹائل، قالین، چمڑے کے ملبوسات، دستانے، جوتے وغیرہ شامل ہیں،نمائش درحقیقت ہمارے مقامی کاروباری اداروں کو عالمی برادری سے جڑنے میں مددگار ثابت ہوگی،23-2022میں پاکستان کی برآمدات میں اضافے کی رفتار بری طرح متاثر ہوئی۔مہنگائی میں اضافے، اشیاء کی بڑھتی قیمتیں اور مالیاتی سختی کے درمیان عالمی معیشت واضح سست روی میں داخل ہوئی،صوبہ سندھ 2022 میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب نے کپاس کی کاشت کے علاقوں کو نقصان پہنچایا اور مقامی کپاس کی سپلائی میں خلل ڈالا۔حکومت سندھ بروقت اقدامات کے باعث اپنے ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے منفی اثرات پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی۔آج پاکستان تمام مینوفیکچرنگ یونٹس کے ساتھ ٹیکسٹائل اور چمڑے کا ایک مضبوط سیکٹر ہے۔کراچی، پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہونے کے ناطے ٹیکسٹائل اور چمڑے کی مصنوعات کیلئے اہم جانا جاتا ہے۔کراچی بندرگاہ جنوبی ایشیا کی مصروف ترین بندرگاہوں میں سے ایک ہے۔کراچی میں ہنر مند اور تجربہ کار مزدوروں کی کثرت ہے اور معیاری کپاس تک رسائی بھی ہے۔حکومت سندھ نے سماجی ذمہ داری کے ناطے لیبر فورس کے کام کو بہتر بنایا ہے۔
