اسلام آباد: 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جبکہ کمیٹی کا اجلاس آج (شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کیلئے تمام 12 ممبران کے نام اسپیکر آفس کوموصول ہونے کے بعد کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کیلیےسینیٹ سے چار نامزد ممبران جمعیت علمائے اسلام ( ف ) کے کامران مرتضیٰ، پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ جبکہ پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر شامل ہیں۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے قومی اسمبلی کے 8اراکین میں مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، احسن اقبال اور شائستہ پرویز،پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رعنا انصار بھی خصوصی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں۔
12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی ججز کے پینل میں سے چیف جسٹس پاکستان کا انتخاب عمل میں لائے گی۔
