نیو کراچی ٹاؤن کے زیر انتظام اسکولز میں نئے تعلیمی نصاب کی کتابوں کی تقسیم
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن آفس سیکٹر الیون اے نارتھ کراچی کا دورہ۔نیو کراچی ٹاؤن کے زیر انتظام چلنے والے اسکولز میں نئے تعلیمی نصاب کی کتابوں کے ساتھ اسکول بیگز تقسیم کیئے گئے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نصابی کتابیں صدر معلمین و معلمات کے حوالے کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن حنین میؤ، صدر معلمین و معلمات،اساتذہ،خواتین کونسلرز بھی موجود تھیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں روایتی نصاب سے ہٹ کرجدیدعلوم کو متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے،اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تعلیم و تربیت کا اہم فریضہ سر انجام دیتے ہیں، تعلیم انسان میں شعور کے ساتھ اچھے بُرے کی تمیز کرنا سکھاتی ہے۔ تعلیم یافتہ قومیں دنیا میں ترقی کررہی ہیں۔ بچوں کو معیاری تعلیم اورسہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے گزشتہ ماہ بلدیاتی اسکولوں میں نئے فرنیچر بھی مہیا کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ جدید دورمیں سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانا ضروری ہے، دنیا کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اسی طرح تعلیمی میدان میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے اساتذہ اور طلباء کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے۔اور اسکولز کی عمارتوں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیئے جس کے لئے حکومت سندھ سے ہم نے بات کی ہے انشاء اللہ جلد ان عمارتوں کی تعمیر و تزین آرائش کا کام شروع ہوجائے گا جہاں طلباء و طالبات خوشگوار ماحول کے ساتھ تعلیمی مراحل پورے کریں گے،
چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہم سرکاری اسکولز کے تردیسی عمل کو اس قدر بہتر کرنا چاہتے ہیں کہ والدین از خود پرائیویٹ اسکولز کے بجائے سرکاری اسکولز میں اپنے بچوں کو پڑھاناپسند کریں اس کے لئے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اساتذہ کی تربیت کے لئے بھی خصوصی انتظامات کررہے ہیں،چیئرمین محمد یوسف نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے،نصابی تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی اُجاگر کیا جائے تاکہ طلباء و طالبات کی ذہنی اور جسمانی نشونما بھی بہتر طور پر ہوسکے۔
