نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں گیس ڈسٹری بیوشن پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا
کراچی: نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی گیس ڈسٹری بیوشن پروجیکٹ کی ریہیبلیٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی
سوئی سدرن کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر امین راجپوت نے نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں ادارے کی ۱۰۰۰ کلومیٹر طویل ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی بحالی کا سنگ بنیاد رکھا.
نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی کے ہزاروں گھرانوں کو گیس فراہم کرنے والے اس چار دہائیوں پرانے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی بحالی کی ضرورت بڑھ گئی تھی کیونکہ گزشتہ برسوں کے دوران موجودہ نیٹ ورک پرانا اور بوسیدہ ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے بہت زیادہ گیس لیکیج کی شکایات تھیں. زیادہ لیکیج کی شرح کی وجہ سے ادارے کو سسٹم پریشر کو نچلی سطح پر رکھنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے علاقے کے مکینوں کی جانب سے مسلسل لو پریشر (کم دبائو) کی شکایات موصول ہوتی تھیں .بحالی کی سرگرمی کو ادارے کے ٹیکنیکل سروسز ڈویژن کے پروجیکٹس اور کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے بارہ حصوں میں انجام دیا جائے گا.
سنگ بنیاد کی تقریب میں سوئی سدرن کی سینئر انتظامیہ کے ارکان بشمول سعید رضوی، ڈی ایم ڈی (آپریشنز)، سید اصغر شاہ، ایس جی ایم (ایچ آر اور ایم ایس)، غلام معین بٹ، اے ایس جی ایم (ٹیکنیکل سروسز)، فصیح الدین فواد، اے ایس جی ایم (کسٹمر سروسز)، عدنان رحمان، اے ایس جی ایم (ڈسٹری بیوشن ایس بی یو-ایل ایس سینٹرل)، مدنی صدیقی، اے ایس جی ایم (ایچ ایس سی) اور دیگر ڈپارٹمنٹل ہیڈز شریک ہوئے.
ان علاقوں کی بحالی کی منصوبہ بندی اس طرح کی گئی ہے کہ نیٹ ورک کو ۱۸ زونز میں ٹاؤن بارڈر اسٹیشنوں (۱۰ موجودہ اور ۸ مجوزہ) کے ساتھ الگ کیا جائے گا. نتیجتاً، ہر زون کے لیے گیس سیل/ پرچیز کا نظام بنایا جائے گا. تمام لیک /خراب اسٹیل پائپ نیٹ ورک کو HDPE 100 پائپ سے بدل دیا جائے گا اور لیکیج کی وجہ سے ہونے والے تمام نقصانات کو ختم کر دیا جائے گا. اس کے علاوہ انڈر سائز نیٹ ورک کو ہر لحاظ سے اپ گریڈ کیا جائے گا جس کے بعد ان علاقوں کے تمام صارفین کو گیس کی ہموار فراہمی ممکن ہو سکے گی. یہ انتظام نئے الگ الگ چھوٹے پاکٹس کی تخلیق کے ساتھ ضرورت کے مطابق علاقے کے آپریشنل پریشر کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے میں مدد کرے گا. یہ منصوبہ تقریباً دس ماہ میں مکمل ہو جائے گا.
امین راجپوت، اے ایم ڈی نے حاضرینِ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان تمام ڈیپارٹمنٹس کی کاوشوں کی تعریف کی جنہوں نے اس پروجیکٹ میں اپنا موثر کردار ادا کیا. انہوں نے آپریشنز ٹیم بالخصوص ٹیکنیکل سروسز ڈویژن کی وسیع حکمت عملی پر عمل درآمد کو سراہا جس کے تحت ایک سال میں ۲۵۰ کلومیٹر کی زیادہ سے زیادہ ری ہیبلیٹیشن کو ۲۵۰۰ کلومیٹر میں تبدیل کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ ان کوششوں نے تقریباً ۲ دہائیوں کے بعد مجموعی یو ایف جی کو ۱۰ فیصد سے کم کرنے میں مدد کی ہے. انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیکنیکل سروسز ڈویژن نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور دیگر علاقوں میں بحالی کے کاموں کو اسی رفتار سے جاری رکھے گا. تقریب کی نظامت غلام علی مہر، ڈی جی ایم انچارج (پی این سی) نے کی.
