
پی ٹی آئی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے، نوٹس پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے سیالکوٹ کے ٹکٹ ہولڈرز پر بے بنیاد اور سنگین الزام عائد کیا، براہ راست پریس کانفرنس میں عمران خان اور پارٹی رہنماؤں پر بہتان تراشی کی گئی۔
نوٹس کے متن کے مطابق خواجہ آصف نے عمران خان پر سیالکوٹ میں ٹکٹوں کی فروخت کا الزام عائد کیا، ٹکٹوں کے عوض سیالکوٹ سے 30 کروڑ روپے اکٹھا کرنے کا من گھڑت الزام لگایا گیا۔
پی ٹی آئی نے نوٹس میں کہا کہ خواجہ آصف اپنے بے بنیاد الزام پر چئیرمین تحریک انصاف سے تحریری معذرت کریں، وہ ملک کے معروف اخبارات میں معذرت نامہ شائع کروائیں، معافی نہ مانگنے کی صورت میں خواجہ آصف 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔ معافی یا ہرجانہ کی عدم ادائیگی پر خواجہ آصف کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
