پنجاب میں ملکی تاریخ کے پہلے اور سب سے بڑے اسکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ کے 3 ہزار 527 اسکولوں کے طلبہ کو روزانہ 175 ملی لیٹر دودھ کا پیک ملے گا۔بچے دودھ کا خالی پیک اسکول میں جمع کرائیں گے۔خالی پیکس کی ری سائیکلنگ سے آمدن متعلقہ اسکول پر ہی خرچ کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں اسکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کردیا۔اس دوران مریم نواز شریف اسکول میں بچوں سے بھی ملیں۔
تقریب سے خطاب میں مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جہاں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ، آپ سب کی دعاؤں سے نوازشریف صاحب کے وژن سے ہم مہنگائی میں کمی لیکر آئے ہیں۔آٹے کی قیمت نیچے گئی ہے روٹی کی قیمت کم ہوئی ہے اور سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں
مریم نوازکا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے لاہور چاہے جتنا بھی دور ہو میں آپ سے بالکل دور نہیں ہوں۔ میں لاہور میں بیٹھ کر بھی آپکے بارے سوچتی ہوں کہ جو میرے بچے ہیں اس قوم کا مستقبل ہیں وہ پڑھے لکھے اور خوب طاقتور ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ وزیرتعلیم آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں اور آپ سے کہتی ہوں کہ سکول نیوٹریشن پروگرام کو پنجاب کے ہر سکول تک پہنچائیں اسے 5 سال تک چلانا آپکی ذمہ داری ہے۔یہ پروگرام صرف ہنجاب نہیں پورے پاکستان میں شروع ہونا چاہیے۔
