ایس ایس جی سی پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 8 ستمبر کو سائیکل ریس کرائے گی

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 8 ستمبر 2024 کو کراچی سے حیدرآباد تک نیشنل ڈیفنس اینڈ ایئر فورس ڈے سائیکل ریس کا انعقاد کرے گی.

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) کے زیر سرپرستی، اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے زیر اہتمام کراچی سے حیدرآباد تک 8 ستمبر 2024 نیشنل ڈیفنس اینڈ ایئر فورس ڈے سائیکل ریس کا انعقاد کیا جائے گا.

اس مقابلے میں ایلیٹ اور امیچر مرد سائیکل سوار حصہ لیں گے جبکہ ایلیٹ خواتین کے لیے اوپن سائیکل ریس بھی منعقد کی جائے گی. سائیکلسٹس پی سی ایف کے تمام ملحقہ یونٹوں کی نمائندگی کریں گے اور 7 ستمبر 2024 کو کراچی پہنچیں گے. اس ریس میں ملک بھر سے چوٹی کے سائیکلسٹ حصہ لیں گے، جو پاکستان میں سائیکلنگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور مسابقتی جذبے کو اجاگر کریں گے. واضح رہے کہ سوئی سدرن کے سائیکلسٹ علی الیاس نے حال ہی میں الماتی، قازقستان میں منعقدہ ایشین سائیکلنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لئے دو طلائی تمغے حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی.

قومی سطح پر یہ سائیکل ریس ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کا اظہار کرنے اور ہمارے عظیم شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کی جارہی ہے. یہ ریس صبح 9 بجے سوئی سدرن کے ہیڈ آفس سے شروع ہوگی اور حیدرآباد ٹول پلازہ پر اس کا اختتام ہوگا.

تقریب میں پی سی ایف کے صدر سید اظہر علی شاہ اور دیگر عہدیداران بھی شرکت کریں گے. سیکرٹری سوئی سدرن اسپورٹس بورڈ آصف انصاری کو پی سی ایف نے چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی جبکہ سوئی سدرن کے سردار نزاکت علی کو آرگنائزنگ سیکرٹری نامزد کیا ہے. ہمیشہ کی طرح پی سی ایف کے ٹیکنیکل عہدیداروں اور کمیشنرز کی ایک نامزد ٹیم سوئی سدرن کی جانب سے اپنائے گئے تمام حفاظتی اقدامات کی روشنی میں ریس کا انعقاد کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ منصفانہ اور مسابقتی ایونٹ کے لئے سازگار ماحول میں تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے.

اس ریس کے انعقاد کا مقصد سائیکلنگ کو ایک قومی کھیل کے طور پر فروغ دینا ہے اور سائیکلنگ سے منسلک افراد کو متحد کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے. پی سی ایف اور سوئی سدرن دونوں اس قومی سائیکل ریس کے بہترین انعقاد کے لیے کوشاں ہیں.

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں