پاکستان مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان کانجو، اطہر قیوم نارا اور ذوالفقار احمد نے دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا
سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں لیگی امیدواروں کی کامیابی سے متعلق درخواستیں منظور کرلیں۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے، مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی اپیلیں منظور کرلیں۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 154 لودھراں، این اے 81 گوجرانوالہ اور 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس نعیم اختر افغان نے 2:1 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا جبکہ جسٹس عقیل عباسی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جو احترام کا مستحق ہے،لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ممبران سے متعلق غیر ضروری ریمارکس دیے۔
اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔
واضح رہےکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان کانجو، اطہر قیوم نارا اور ذوالفقار احمد نے دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا، دوبارہ گنتی کے بعد الیکشن کمیشن نے تینوں امیدواروں کو کامیاب قرار دیا تھا۔
