
نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیو یارک کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے ان کا خیر مقدم کیا
باہمی دلچسپی کے امور، اقوام متحدہ میں امن مشنز، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، اقوام متحدہ امن مشنز کے لئے پاکستان کے مشن کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی فورس کے یونٹ کے قیام کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے سی ٹی ڈی یونٹ کے حوالے سے پاکستان کے تجربے، مہارت اور پروفیشنل اپروچ سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر داخلہ نے یو این سی ٹی ڈی فورس کے یونٹ کے لئے پاکستان کی جانب سے معاونت کی پیشکش کی۔
پاکستان پولیس کے افسران کی کئی برس بعد یو این امن مشنز میں تعیناتی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی، جلد 128 پاکستانی پولیس افسران کو یو این مشنز میں تعیناتی ملے گی
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، سی ٹی ڈی فورس کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے، پاکستان کی پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے
یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پولیس میں خواتین افسران کا آنا خوش آئند ہے، خواتین افسران بہتر پولیسنگ کرتی ہیں، خواتین پولیس افسران کو بھی یقیناً ترجیح دی جائے گی۔
