
محکمہ تعلیم کے زیراہتمام امتخانات میں نمایاں کارکردگی پر سالانہ تقریب ِتقسیم اسنادکے پُر وقار موقع پر چئیرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع بطور مہمان خصوصی
کراچی: محکمہ تعلیم جناح ٹاؤن کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں تقریب ِتقسیم اسناد کا انعقادکیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع،ڈائریکٹر ایجوکیشن جناح ٹاؤن شیر علی،ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن جناح ٹاؤن، سمیت محکمہ تعلیم جناح ٹاؤن کمیٹی کے چئیرمین جناب حسن رضا، ممبر محکمہ تعلیم کمیٹی فرزانہ الیاس، غزالہ یاسمین، وائس چئیرمین یوسی 1عبدالرحیم، وائس چئیرمین یوسی 3طاہر اسلام، ٹاؤن کونسلر یوسی 4صباء آصف، ٹاؤن کونسلر یوسی 11اناء عبدالرشید، اساتذہ طلبا و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک اورنعت رسول مقبول ﷺاور قومی ترانہ سے ہوا۔
اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اساتذہ کی خدمات اور انکی بہتر کارکردگی کو سراہا، انکا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ قوموں کا حسن اخلاق اور کردار معاشرے میں اہمیت کا حامل ہے نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھاری رقم درکار ہوتی ہے مہنگائی کے اس دور میں مڈل کلاس طبقے کو اپنے بچوں کونجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کروانا ایک خواب بن کر رہ گیا ہے اس لئے سرکاری اسکولوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ہماری کوشش ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ طلباو طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ((I.T کی اعلیٰ تعلیم بھی دی جائے۔چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع کا مزید کہنا تھا کہ طلباو طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد ہونے چاہئیے موجودہ حالات میں اساتذہ کی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں کہ وہ اپنی انتھک محنت سے طالب علموں کو علم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔
رضوان عبد السمیع نے کہا کہ ہمارے طلباو طالبات میں قابلیت کی کمی نہیں ہے یہ بہت ذہین اورہونہار ہیں صرف ان ہیروں کو بہترین طریقے سے تراشنے کی ضرورت ہے اگر ہم ان کو اچھی اور معیاری تعلیم و تربیت دینے میں کامیاب ہوتے ہیں تویہ معاشرے کے بہترین ہیروزمثلاً راشد منہاس، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر عبدالسلام، جہانگیر خان، اور علامہ اقبال جیسی نامور شخصیات کی طرح ملک پاکستان،قوم و ملت کا نام سنہری حرفوں میں رقم کرنے کا باعث بنیں گے۔
تقریب کے اختتام میں چیئرمین رضوان عبد السمیع و دیگر منتخب بلدیاتی نمائند گان نے کامیاب ہونے والے ہونہار طالبعلموں اور اساتذہ میں اسناد تقسیم کیں۔
