
راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پرمشتمل ڈویژن بینچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پرسماعت کی
ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، پراسیکیوٹر نیب اور شیخ رشید اپنے وکیل عبدالرزاق خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے سوال کیا کہ ہم نے آج وفاقی سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟
ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ دستیاب نہیں وہ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا گیا ہے؟
ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ نیب نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اگراس کیس میں مطلوب نہیں تو ان کا نام کس نے ای سی ایل میں ڈالا؟
