
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یو این سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔
جنرل عاصم نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حالت زارپرگہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آرمی چیف کی یو این ہیڈکوارٹر آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عالمی امن و استحکام کیلئے پاک فوج اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا۔
