
کوہاٹ:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، اساتذہ کا تعلیمی نظام میں انتہائی اہم کردارہے، جدید تعلیم ہماری ترجیح ہے۔
کیڈٹ کالج کوہاٹ کے 58ویں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ مادر علمی میں گزارا ہوا وقت ہمیں مستقبل کے لئے تیار کرتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدیدتعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔ہمیں خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کرناہوں گے۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ میں زندگی میں آج اس مقام پرپہنچا ہوں تو اس کا سہرا میرے اس مادر علمی کے اساتذہ کے سر ہے۔ ایک اچھا انسان بننا ہی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہے
وزیراعظم کو کیڈٹس کے چاق و چوبند دستےنے سلامی دی۔ انہوں نے چیمپئن شپ کا پرچم رستم ہائوس کے حوالے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنر میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی بھی موجود تھے۔
