
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کیا لیول پلیئنگ فیلڈ صرف ایک مخصوص جماعت کو جتوانے کا نام ہے اور 2018 کی لیول پلیئنگ فلیڈ یاد ہے جب جنوبی پنجاب محاذ بنا تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ دورہ چین میں چین کےصدرسےملاقات انتہائی مثبت رہی، پاکستان پرعزم ہےکہ حالیہ ملاقات کےبعد سی پیک کاتسلسل جاری رہےگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا بہت جلد اعلان ہو جائے گا، پھر ہم ووٹ ڈالنے جائیں گے۔ کوئی کسی بھی پارٹی میں جانا چاہے اس کی مرضی ہے۔
نگران وزاعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا کام صرف الیکشن کے عمل میں معاونت کرنا ہے، کوشش کرنی ہے کہ تمام جماعتوں کو ہمارے معیار کے مطابق ایک نام نہاد لیول پلیئنگ فیلڈ ملے، اس پر اعتراضات بھی ہوں گے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کوئی بھی سیاسی جماعت انتخابی عمل سے باہر ہو، البتہ عدالتی فیصلوں کے تحت کسی پر پابندی لگ جائے چاہے درست ہو یا غلط ، ہمیں اسے تسلیم کرنا ہوگا۔
