
مصر کی سربراہی میں ہونے والے قاہرہ امن اجلاس میں سعودی عرب سمیت تمام عرب ممالک نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اسرائیل کی غزہ کے لوگوں کو جبری بے دخل کرنے کی کوششوں کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی اسرائیلی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرانے کا مطالبہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین میں ہونے والے درناک واقعات سیز فائر کے لیے فوری ردعمل کا تقاضہ کرتے ہیں۔
اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنی سرزمین کبھی نہ چھوڑنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کبھی نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کوئی ہمیں اپنے سرزمین سے بے دخل کرسکتا ہے۔
اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا کہ عرب دنیا کو اس وقت جو پیغام سنایا جا رہا ہے وہ یہ ہے کہ فلسطینیوں کی زندگیاں اسرائیلیوں کے مقابلے میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔
