
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد منظر عام پر آ گئے
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ خاموشی کا چِلہ کاٹ رہا تھا اس لیے منظر عام سے غائب تھا.
ان کا کنا تھا کہ اس چلے کے دوران بہت کچھ سوچنے کا موقع ملا، جب 9 مئی کے واقعات ہوئے تو اگلے ہی دن ان واقعات کی مذمت کی۔
شیخ رشید نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی بنتی نہیں تھی، اُن کو کہتا تھا کہ فوج سے بناکر رکھنی چاہیے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ مجھے ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) لے ڈوبا، مجھ دکھایا گیا کہ یہ یہ چیزیں آپ نےکہی ہیں، ٹوئٹر میں خود تو نہیں چلاتا تھا لیکن وہ ساری باتیں میری ہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے خلاف سوائے ٹوئٹس کے کچھ نہیں نکلا، ہم نےجنرل عاصم منیر کے معاملے میں ملوث ہو کر غلطی کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے لوگ سمجھتے تھے کہ فوج کے اندر بھی ان کے لوگ ہیں، انہوں نے 9 مئی واقعات میں ملوث عام لوگوں کو معافی دینے کی بھی درخواست کی۔
