
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان صرف افغان مہاجرین نہیں بلکہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی کرریا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے جب کہ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھی بھارت ملوث ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی میزبان ملک کا فرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ پاکستان نے لاکھوں مہاجرین کی کھلے دل سے برسوں میزبانی کی ہے۔ پاکستان افغان مہاجرین کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی خاص شہریت کے خلاف نہیں ہیں بلکہ پاکستان افغان مہاجرین سمیت تمام غیرقانونی رہائش پذیر باشندوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے، پاکستان اس حوالے سے افغان عبوری حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی قابض فوج کا جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ ستمبر کے مہینے میں 13 بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا گیا ہے۔ یہ مظالم جینوا کنونشن، اقوام متحدہ کے طے کردہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی الیکشن مبصرین کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے خط لکھا ہے، ہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تعاون کرے گی۔
