
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں، بدی کی طاقتیں ریاست کی طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں،
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور انہیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی
نگران وفاقی وزیر داخلہ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان، اہم صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔ شرکا نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی،آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم ظاہرکرتے ہیں، دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ ریاست اور سکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے، پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کیلئے مکمل پرُعزم ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔
