
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک امریکا شراکت داری کے تحت بلوچستان کے عوام کے ساتھ امریکا کے عزم کو اجاگر کرنے کیلئے گوادر کا دورہ کیا اور علاقائی ترقی، تجارت اور تجارتی تعلقات کومہمیز دینے کیلئے مواقع کا جائزہ لیا۔
سفیر بلوم نے سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں سمیت حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے دوران بلوچستان میں امریکی اعانت سے 41 مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی، امریکا اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے، سیلاب کے بعد امریکا نے خوراک اور اشد ضروری رقم کے ذریعے 6 لاکھ 61 ہزارافراد کی اعانت کی اور 90 ہزار بچوں کو بھوک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کھانا فراہم کیا۔
انہوں نے کاہ کہ تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگرامز کو بھی فروغ دیا گیا۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکی تعاون سے بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر آئندہ نسل کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بھی کوششیں کی گئیں۔
