
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ افغانستان میں جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں جن سے پاکستان اور اس کے سکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں دستیاب جدید ہتھیاروں پر تشویش ہے.
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں یہ جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں اور ان ہتھیاروں سے پاکستان اور اس کے سکیورٹی اداروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔
ترجمان دفتر خاجہ کا کہنا تھا کہ ہم یقین رکھتے ہیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد امن کی سرحد ہونی چاہیے، اگر پاکستان کی طرف سے سرحد بندکی گئی ہے تو اس کی وجہ سکیورٹی کی سنگین صورتحال ہے
ان کا کہنا تھا کہ ہم افغان حکومت سے اس متعلق مذاکرات کررہے ہیں، پاک افغان بارڈرپرحالیہ واقعہ سے متعلق عبوری افغان حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا چترال حملے پر کہنا تھا کہ چترال کی صورتحال پر افغان حکام سے اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے، اس صورتحال پرہوم ڈپارٹمنٹ اورمتعلقہ ادارے تفصیل دے سکتے ہیں۔پاکستان اور روس کے درمیان اہم تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ بھی ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت پاکستان کے بارے میں تبصروں کی بجائے اپنے چیلنجزپرتوجہ دے۔
