حیدرآباد کی عدالت نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز پر شاعر ارشاد جاگیرانی اور اداکارہ روبی علی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
ہٹری کے علاقے سبحان اللہ کالونی کے رہائشی ایڈووکیٹ گلزار علی عالمانی نے ایڈیشنل سیشن جج نمبر 9 کی عدالت میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں انہوں نے ایس پی کمپلینٹ سیل، ایس ایچ او ہٹڑی، ارشاد علی جاگیرانی اور روبی علی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ارشاد اور روبی روزانہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا کے ذریعے غیر اخلاقی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں جس کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ وہ ویڈیوز قابل اعتراض ہیں جن میں وہ اکثر نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں جس سے بے حیائی بڑھے گی اور معاشرے پر بہت سے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ایس ایچ او ھٹڑی کو سی آر پی سی 154 کے تحت درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔