
کراچی (رپورٹ: اے بی سومرو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے پولیس کو تین اہم ٹاسک سونپے ہیں جن میں کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا خاتمہ، شہر میں اسٹریٹ کرائم کو زیرو لیول پر لانا اورڈرگ مافیا کا خاتمہ شامل ہیں تاکہ ہمارے بچے ان خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کی جان و مال اور نقل و حرکت کی آزادی کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، اس لیے ہمیں ان نوعیت کے خطرات کا خاتمہ کرنا ہے ۔انہوں نے یہ بات شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں 117ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام نبی میمن، ڈی آئی جی ٹریننگ حمید کھوسو،پرنسپل آف کالج بشیر چاچڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 787 کانسٹیبلز کا پاس آؤٹ ہونا پولیس فورس کی عددی طاقت میں ایک بہترین اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صوبائی پولیس کو اچھے تنخواہوں کے پیکجز،شہدا معاوضہ کے ساتھ ساتھ ایک نوکری اور ان کی ریٹائرمنٹ تک ان کی تنخواہوں کو جاری رکھنے، جدید ترین آلات اور یہاں تک کہ زیر تربیت پولیس اہلکاروں کو میس الاؤنس کی سہولیات فراہم کرکے انہیں مزید مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ان اقدامات سے پولیس کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اب میں آپ (پولیس) کو اس امید کے ساتھ تین اہم ترین ذمہ داریاںسونپتا ہوں جنہیں آپ انجام دیں گے ۔ یہ تین اہم ذمہ داریاں درج ذیل ہیں:
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ پولیس کی خدمات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے 2400 جوانوں نے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، اسٹریٹ کرمنلز، ڈرگ مافیا کے خلاف لڑتے ہوئے اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پر یقین ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ (سندھ پولیس) ان تین خطرات کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں – مراد علی شاہ نے کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میں امن کی بحالی میں رینجرز، پاک فوج کے جوانوں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی یاد کیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ: قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے بطور مہمان خصوصی پاسنگ پریڈ کا جائزہ لیا اور تربیت یافتہ پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام نبی میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو تربیتی پروگراموں کی مختلف کیٹیگریز جیسے کمانڈو، فسادات سے نمٹنے، ڈکیتی کی کوششوں کو ناکام بنانے اور چھاپے مارنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
