وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نےکہا کہ ایران اور امریکاکوکئی دہائیوں بعد آمنے سامنے بٹھانےکا سہرا پاکستان کو جاتا ہے۔ وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان مذاکرات میں مثبت پیشرفت کے لیے پُرامید ہے۔
وفاقی کابینہ نےایران امریکا مذاکرات کے لیے وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہا۔کابینہ اراکین نے مذاکرات کے لیے نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے کردار جاری رکھےگا، امریکا اور ایران کے درمیان اٹکے ہوئے معاملات حل کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔پاکستان نے ایران امریکا مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا، دونوں ملکوں کے درمیان 47 سال بعد اعلیٰ ترین سطح پر آمنے سامنے بات چیت ہوئی، امریکی اور ایرانی وفود ہماری درخواست پر پاکستان آئے، دونوں صدور کا مشکور ہوں، پاکستان کی کاوشوں کا نتیجہ ہےکہ سیز فائر اب بھی قائم ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو بھی شاباش دی اور خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کو شاباش اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وہ پوری پوری رات جاگے، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار تاریخ سنہرے حروف میں یاد رکھےگی۔پاکستان کو وہ عزت ملی جو تاریخ میں کسی کسی کو ملتی ہے، پاکستان کو جنگ کے بادلوں کو امن میں بدلنےکا موقع ملا، ایران اور امریکا کے درمیان 21 گھنٹے مذاکرات ہوئے، ایران اور امریکا کے وفود آمنے سامنے بیٹھے، پاکستان کو امن کی بحالی کے لیے ثالثی کا موقع ملا، جب پوری دنیا کی معیشت ہچکولے کھارہی تھی تو ایسے میں پاکستان کو ثالثی کا موقع ملا، آج جاپان کی وزیراعظم نےکہا کہ آپ شاندار کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے وفود نے الگ الگ لیکن مشترکہ باتیں کیں، پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی کابینہ نے اتفاقِ رائے سے امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر قرارداد تشکر منظور کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ ربِ ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر ادا کرتی ہے، وفاقی کابینہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شبانہ روز کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل نے راتیں جاگ کر انتہائی احسن طریقے سے معاملات کو نبھایا، بلاشبہ اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دعا ہےکہ پاکستانی قیادت کی مخلصانہ کوششیں دنیا میں قیام امن کا باعث بنیں۔
