امید ہے امریکا اور ایران جنگ بندی کے لیے اپنا عزم جاری رکھیںگے:اسحاق ڈار
پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا، امید ہے دونوں فریق جنگ بندی کے لیے اپنا عزم جاری رکھیںگے، اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے آج صبح پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا، امید ہے دونوں فریق جنگ بندی کے لیے اپنا عزم جاری رکھیںگے۔ ہم ایران اور امریکہ کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے نہ صرف وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جنگ بندی کی درخواست منظور کی بلکہ پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں مذاکرات بھی کیے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں ایران اور امریکہ کے وفود مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انھوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے ’مشکل اور تعمیری مذاکرات‘ کے کئی دور کے دوران فریقین کی معاونت کی۔گذشتہ 24 گھنٹوں سے جاری مذاکرات آج صبح ختم ہوئے۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق مثبت جذبے کا مظاہرہ کرتے رہیں گے تاکہ خطے اور اس سے بھی آگے کے لیے دیرپا امن اور خوشحالی کا حصول ممکن ہو سکے۔
