رویوں میں تبدیلی اور اصلاح کی ضرورت ہے: ممبر گورننگ باڈی سیسی
کراچی: پاکستانی خواتین معاشرے کی سماجی، اخلاقی، تہذیبی، فکری و روحانی تشکیل میں اہم کردار ادا کررہی ہیں ان خیالات کا اظہار خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے شعبہ تعلقات عامہ کے زیر اہتمام سوشل سیکورٹی ولیکا اسپتال، سائیٹ کراچی میں منعقد ہونے والے سیمینار میں کیا گیا۔
سیمینار میں سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کی خواتین ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خواتین کے حقوق، کردار اور پیشہ ورانہ مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سیمینار کی صدارت گورننگ باڈی سیسی میں محنت کشوں کی نمائندہ زہرا خان نے کی۔
اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر حنا اعجاز، میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر غیاث الدین اور شعبہ تعلقات عامہ، تربیت و تحقیق کے ڈائریکٹر وسیم جمال نے خواتین کی سماجی و معاشی ترقی میں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عورتوں کی سماجی و معاشی خودمختاری کے لیے بہت سے قوانین بنائے ہیں, مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
سیمینار میں سیسی کی خواتین ملازمین نے بھی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کام کی جگہ پر بہتر سہولیات، مساوی مواقع اور باعزت ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض نازنین باقر نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔ پروگرام کے اختتام پر گورننگ باڈی کی ممبر زہرا خان نے سیسی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ خواتین ملازمین کے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ان کے لیے مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔پروگرام کے آخر میں میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر غیاث الدین نے زہرا خان کو ادارے کی یادگاری شیلڈ پیش کی اور مہمان گرامی کو اجرک کا روایتی تحفہ پیش کیا۔

