سب سے پہلے ہم ایران کو ختم کردینگے:صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم لڑائی میں ایران سے زیادہ سنجیدہ ہیں اور ہم سب سے پہلے ایران کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں گفتگو میں صدرڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے ہمارے پاس ایران پر حملے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا ، ایرانی بحریہ کو مکمل ختم کردیا، ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو بھی ختم کیاجارہا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہم ہر گھنٹے ایران کے میزائل اور ڈرون صلاحیت کم کر رہے ہیں۔ ایران کے پاس اب نہ فضائیہ باقی ہے اور نہ فضائی دفاعی نظام جبکہ ان کے تمام طیارے بھی تباہ ہوچکے ہیں۔یقینی بنائیں گے آئندہ جو بھی ایران کی قیادت کرے گا، امریکا اور اسرائیل کو دھمکی نہیں دے گا۔
امریکی صدر نے ایرانی سفارتکاروں سے کہا کہ وہ مختلف ممالک میں موجود ایرانی سفارت خانوں سے الگ ہو کر پناہ حاصل کریں اور ایک نئے اور بہتر ایران کی تشکیل میں امریکا کی مدد کریں۔اگر پاسداران انقلاب کے کمانڈرز عہدے چھوڑ دیں تو انہیں مکمل استثنیٰ دیا جائے گا، بصورت دیگر انہیں قتل کردیا جائے گا۔

