اب ایک ایک شہید کے خون کا بدلہ لیا جائےگا: طارق فضل چوہدری
سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے افغانستان میں کارروائی سے متعلق حکومت کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف جنازے نہیں اٹھائیں گے بلکہ ایک ایک شہید کے خون کا بدلہ لیا جائےگا۔
سینیٹ سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا تھاکہ پاکستان نے افغانستان کے تین صوبوں میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا ،اس کا ایک پس منظر ہے، پاکستان نے باربار افغانستان کوبارڈر پار سے ہونے والی دراندازی کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناگاہيں اور تربیت گاہیں ہیں،افغانستان نے ان طالبان کو سرحد کی دوسری طرف دھکیلنے کے لیے پاکستان سے دس ارب روپے مانگے۔ ہم یہ رقم دینے کو تیار ہيں لیکن گارنٹی دیں کہ پاکستان میں مداخلت نہيں ہوگی۔
طارق فضل چہودری کا کہنا تھاکہ اب صرف جنازے نہیں اٹھائیں گے بھرپور جواب دیں گے، ایک ایک شہید کے خون کا بدلہ لیا جائےگا۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن ملکی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ افغانستان میں ائیرفورس نے اسٹرائيک کیں، 100 دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے، اسٹرائيک انٹیلی جنس بیسڈ اور ہدف پرتھیں۔
