کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ باغ جناح کا دورہ کیا جہاں گل پلازا سانحہ کے متاثرین کی بحالی اور عارضی کاروباری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر بارہ دری میں متاثرین کے لیے قائم کیے جانے والے عارضی اسٹالز اور سہولیات کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت نے متاثرہ تاجروں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں اور شہر کے مختلف مقامات پر مفت متبادل جگہیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ متاثرین بلا تاخیر اپنا کاروبار دوبارہ شروع کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی منظوری سے ابتدائی طور پر سات ارب روپے تک کے معاوضے کی تقسیم کا عمل شروع کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرین کو عارضی بنیادوں پر ماہانہ پانچ لاکھ روپے تک مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عارضی اسٹالز، گراؤنڈ میں سہولیات، پارکنگ اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنا کر متاثرہ تاجروں کو ریلیف دیا جا رہا ہے اور مستقل تعمیر مکمل ہونے تک یہ انتظامات برقرار رہیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پلازوں اور مارکیٹوں میں فائر سیفٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی، ایمرجنسی ایگزٹ راستوں کی صفائی اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے بصورت دیگر نقصان کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور مالکان پر عائد ہوگی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر تقریباً ساڑھے تین سو متاثرہ دکان داروں کو ابتدائی مرحلے میں اسٹالز ہینڈ اوور کیے جائیں گے تاکہ خریداری کا سلسلہ متاثر نہ ہو، پارکنگ، بیسمنٹ فیسلٹی، سیکیورٹی اور پولیس و وارڈز اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ تاجروں کی رجسٹریشن کراچی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے مکمل کی گئی ہے تاکہ شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ وزراء اور کمشنر کراچی کے ساتھ مشاورت کے بعد فائنل پلان ترتیب دیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اسٹالز لگانے کے لیے اضافی زمین بھی دستیاب ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ تاجروں کا ساتھ دیں اور عارضی مارکیٹ کا رخ کرکے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
صوبائی وزیر بلدیات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکمل معاوضے کی ادائیگی اور عارضی بحالی کے بعد گل پلازا کی ازسرنو تعمیر جدید تقاضوں اور فائر سیفٹی معیار کے مطابق کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت، تاجروں اور شہریوں کے مشترکہ کردار سے ہی محفوظ اور منظم تجارتی مراکز کا قیام ممکن ہے اور سندھ حکومت متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
