کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے: مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت کچے میں آپریشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہیں بریفنگ دی گئی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ایک ریاست بنائی ہوئی تھی اور خوف کا ماحول پیدا کر رکھا تھا، لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کر لیا جاتا تھا۔کچے میں آپریشن بہت مشکل ہے، ہم نے رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا، پاک فوج نے آپریشن کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی، کچے کے علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ایک ڈاکو کو ٹریک کیا گیا۔
مریم نواز کہا کہ آپریشن کے دوران جدید ترین سرویلنس اور ہیومن سرویلنس کا استعمال کیا گیا، ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا، سندھ پولیس اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے بھی آپریشن میں بھرپور ساتھ دیا۔راجن پور اور کچے کا علاقہ 100 فیصد ڈاکوؤں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے، حکومت کی رٹ ان علاقوں میں بحال ہو گئی ہے، اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، خوف کے علاقے سے قانون کی عملداری کا علاقہ بن گیا ہے۔ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہے، کچے کے ڈاکوؤں کے لیے اب کوئی جائے پناہ نہیں ہے، 500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا ، الحمدللہ پنجاب اب محفوظ ہے۔
