میئر کراچی نے کیپٹن کرنل شیرخان اسپورٹس گراؤنڈ اور فیملی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پختون آبادمیں کیپٹن کرنل شیر خان اسپورٹس گراؤنڈ اور فیملی پارک کی تعمیراتی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل کے ایم سی کے اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع غربی میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو معیاری اسپورٹس سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر سے مقامی نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع ملیں گے۔ اس منصوبے پر مجموعی لاگت 186.994 ملین روپے آئے گی۔سول و آرکیٹیکچر ورک پر 82.54 ملین روپے اور لینڈ اسکیپنگ کے کام کیلئے 26.73 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔الیکٹریفکیشن ورک کیلئے 45.98 ملین روپے اور انجینئرنگ سہولیات کیلئے 12.29 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ و واٹر سپلائی پر 2.18 ملین روپے اور پبلک ہیلتھ اور پلمبنگ ورک بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔اسپورٹس گراؤنڈ 14,730 اسکوائر یارڈ رقبے پر مشتمل ہوگا۔اسپورٹس گراؤنڈ میں فٹبال اور کرکٹ کیلئے علیحدہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔8 فٹ چوڑا جاگنگ ٹریک اور شجرکاری منصوبے کا حصہ ہیں اور پرانی باؤنڈری وال اور مین گیٹ کی تعمیرِ نو کی جائے گی۔اسپورٹس کمپلیکس میں نیا پویلین بھی تعمیر کیا جائے گا اور پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔موٹر سائیکل اور گاڑیوں کیلئے وسیع پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے۔
