ملک میں برآمدات بڑھانے کی بھرپورصلاحیت موجود ہے: وزیراعظم
ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے سمیڈا (SMEDA) کے بزنس پلان کے حوالے سے اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا
اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے آئندہ 3 سال کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قابل عمل اور مؤثر پلان تشکیل دینے پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پذیرائی کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی ترقی سے ملکی برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بینکوں اور دیگر مالی اداروں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔
اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو درپیش مسائل، ان مسائل کے سدباب کے لیے لائحہ عمل، ایس ایم ایز کو ملکی برآمدات میں شامل کرنے کے لیے حکمت عملی اور بزنس پلان میں شامل دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے کے لیے حال ہی میں 6 شہروں میں متعدد ورکشاپس کا انعقاد کیا جا چکا ہے جب کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے تیار کرنے کے لیے متعدد تربیتی پروگرامز پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں خواتین کو ایس ایم ای سیکٹر میں شرکت اور بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، سمیڈا کے نو منتخب بورڈ ارکان اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔
