کراچی کے مسائل سے پیپلز پارٹی نہ کبھی غافل رہی ہے اور نہ آج ہے:شرجیل انعام میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حقائق کے منافی، نفرت پر مبنی بیانات اور سوشل میڈیا کے سستے نعروں سے تاریخ نہیں بدلی جا سکتی،کراچی کے مسائل سے پیپلز پارٹی نہ کبھی غافل رہی ہے اور نہ آج ہے۔پانی، سیوریج، سڑکیں اور انفرااسٹرکچر وہ مسائل ہیں جنہیں سابقہ نام نہاد شہری حکومتوں کی دہائیوں کی غفلت نے جنم دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے زخموں پر مرہم رکھ رہی ہے،کے فور، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بس سروسز، اور بڑے ترقیاتی منصوبے مسلسل حکومتی کاوشوں کا ثبوت ہیں۔سندھ حکومت نے ہمیشہ وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھا ہے، کراچی کا پیسہ کراچی پر لگایا جا رہا ہے۔سندھ کے سرکاری اسپتال نہ صرف جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کا ماڈل دیگر صوبوں کے لیے مثال بن رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی، صوبائی خودمختاری اور عوامی فلاح کو مقدم رکھا ہے۔سندھ کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے اور کون محض بیانات کی سیاست کے ذریعے اپنی ناکامیاں چھپا رہا ہے۔
