سندھ کابینہ نے صنعتی علاقوں کی ترقی کے لئے 2.9 ارب روپے کی منظوری دے دی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سندھ کابینہ نے صنعتی علاقوں کی ترقی کے لئے 2.9 ارب روپے کی منظوری دیدی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر کے تمام صنعتی علاقوں کی سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی مرمت کی جائے گی، سندھ حکومت صنعتی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔سندھ حکومت صوبے کے دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کے لیے الگ پیکیج کا اعلان کرے گی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ صوبے کے دیگر شہروں کی صنعتی اسٹیٹس کی ترقی کے لیے انڈسٹریز ڈپارٹمینٹ کام کر رہا ہے۔جیسے ہی ترقیاتی منصوبہ تیار ہو جائے گا، پیکیج کا اعلان کر دیا جائے گا۔23 اضلاع میں عوامی کچہریاں منعقد کی گئی تھیں۔عوامی کچہریوں میں امن و امان، پولیس، صحت کی سہولیات، بلدیاتی خدمات، واٹر سپلائی(پی ایچ ای)، سڑکوں، آبپاشی اور تعلیم سے متعلق شکایات موصول ہوئیں
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کا ازالہ کر کے اس کی رپورٹ پیش کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جنوری کے دوسرے ہفتے سے دوبارہ عوامی کچہریاں شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان شکایات کا ازالہ نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
