لیبیا کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ عسکری حکام طیارہ حادثے میں جاں بحق
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ لیبیا جانے والا نجی طیارہ جس میں لیبیا کے آرمی چیف سوار تھے انقرہ کے ضلع حایمانا میں گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس کا ملبہ مل گیا ہے۔
لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے تصدیق کی ہے کہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے قریب طیارہ حادثے میں لیبیا کے آرمی چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد علی الحداد سمیت کئی اعلیٰ عسکری حکام جاں بحق ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یہ افسوسناک خبر انتہائی دکھ اور صدمے کے ساتھ موصول ہوئی۔ حادثے میں آرمی چیف محمد علی الحداد اور ان کے وفد کے ارکان جان کی بازی ہار گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں بری افواج کے چیف آف اسٹاف، ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے سربراہ، آرمی چیف کے مشیر اور میڈیا آفس کے فوٹوگرافر بھی شامل ہیں۔
