صوبائی وزیر علی حسن زرداری کے سندھ سیکریٹریٹ، نئی سی ایم سیکریٹریٹ بلڈنگ کا دورہ،سرکاری نظم و ضبط کا جائزہ
کراچی: صوبائی وزیر علی حسن زرداری کے سندھ سیکریٹریٹ، نئی سی ایم سیکریٹریٹ بلڈنگ کا دورہ، تعمیراتی کاموں اور سرکاری نظم و ضبط کا جائزہ، ایم پی اے ڈاکٹر سکندر شورو سے ملاقات کی۔
صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز، سندھ علی حسن زرداری نے ورکس اینڈ سروسز آفس، تیسری منزل، سندھ سیکریٹریٹ بلڈنگ-I کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے دفتر میں افسران اور عملے کی مجموعی حاضری کا جائزہ لیا اور سرکاری امور میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی پر زور دیا.
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے افسران کو ہدایت کی کہ دفتری امور میں شفافیت، کارکردگی اور ذمہ داری کے احساس کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن ہو سکے، انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر میں غیر حاضری اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے ہر سطح پر محنت اور دیانت داری ناگزیر ہے،
اس موقع پر صوبائی وزیر نے سندھ سیکریٹریٹ بلڈنگ-I کی ساتویں منزل پر جاری مرمت اور دیکھ بھال کے کام کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرمتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال سے دفتری ماحول بہتر ہوتا ہے اور عوام و ملازمین دونوں کے لیے سہولیات میں اضافہ ہوتا ہے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے چیف انجینئر کے ہمراہ نئی سی ایم سیکریٹریٹ بلڈنگ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران منصوبے میں جاری تمام ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا جبکہ کام کی مجموعی پیش رفت، معیار اور رفتار سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی لی گئی۔ صوبائی وزیر نے تعمیراتی کاموں میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار فوری طور پر تیز کی جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے. انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سندھ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کرے گی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا.
صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور پیش رفت سے متعلق باقاعدہ رپورٹس پیش کی جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تاخیر کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں میں جدید تقاضوں، حفاظتی اصولوں اور سرکاری قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی سی ایم سیکریٹریٹ بلڈنگ حکومت سندھ کا ایک اہم اور کلیدی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے سرکاری امور میں سہولت، نظم میں بہتری اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ممکن ہو گی۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری سے ان کے دفتر میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سکندر شورو نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف علاقوں میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی اسکیموں، عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات اور جیل خانہ جات کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایم پی اے ڈاکٹر سکندر شورو نے اپنے حلقے کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور سہولیات کی کمی سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور جیلوں میں اصلاحاتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچائے جائیں اور عوام کو صحت، تعلیم، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
آخر میں صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں ورکس اینڈ سروسز محکمہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے.
