عمران خان اپنے بیانات پرقائم رہتے ہیں توڈیڈ لاک برقرار رہےگا:رانا ثناء اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ اڈیالہ کے باہر مستقل احتجاج کی صورت میں حکومت عمران خان کی جیل منتقلی کے بارے میں سوچ سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے گفتگو کا کوئی طریقہ کار نہیں اپنایا جاسکتا، ماضی میں پی ٹی آئی سے بات چیت کی کوشش کی گئی لیکن عمران خان کے اپنے بیانات کی وجہ سے ڈیڈ لاک کی صورتحال پیدا ہوئی۔پی ٹی آئی نے بطور جماعت اور عمران خان نے ادارےپر براہ راست تنقید کی، ادارے کے خلاف بات چیت کو لوگ پسند نہیں کریں گے، بھارت ہمارا دشمن ملک ہے لیکن عمران خان نے پراپیگنڈے میں اس کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بطور جماعت اور عمران خان 9 مئی اوراپنے بیانات سےلاتعلقی کااظہار کریں اور معذرت کریں، ایسی صورت میں شاید کوئی راستہ کھلے
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ اگر عمران خان اپنے بیانات پرقائم رہتے ہیں توڈیڈ لاک برقرار رہےگا۔ بلاول نے ہمیشہ افہام و تفہیم کی بات کی ہے، ہم چاہتے تھے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہونی چاہیے، ڈی جی آئی ایس پی آر خود کہہ چکےکہ سیاسی جماعتیں آپس میں بات کریں۔
