دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے جو بھی ہمارے جوانوں کو شہید کرتا ہے وہ دہشتگرد ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔خیبر پختونخوا کی پولیس مکمل طور پر اہل ہے اور دہشتگردوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پولیس کے لیے جدید آلات کی خریداری کی منظور دے چکا ہوں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا وفاق واجبات دے تو پولیس اور صحت سمیت تمام شعبوں میں مزید بہتری لا سکتے ہیں، خیبر پختونخوا میں فارنزک لیب قائم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا پی ٹی آئی کچھ کر رہی ہے تو ہی خیبرپختونخوا کے عوام نے تیسری بار موقع دیا، موجودہ چیف سیکرٹری اور آئی جی بہترین کام کر رہے ہیں، چاہتا ہوں کہ موجودہ آئی جی کام جاری رکھیں۔وفاق کو دعوت دیتا ہوں خیبر پختونخوا میں آڈٹ کرے لیکن ہمارے واجبات بھی دے، میرا بھائی بھی کرپشن میں ملوث ہو تو اسے سزا ملنی چاہیے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا دہشتگردی نے خیبرپختونخوا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے، جو بھی ہمارے جوانوں کو شہید کرتا ہے وہ دہشتگرد ہے، امن کی خاطر وفاق کا ساتھ دوں گا، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔دہشتگردوں کو سزا دینے کے لیے صوبائی سطح پر قانون سازی کی ہدایت کر دی ہے۔سیاسی اختلافات اپنی جگہ کسی بھی اقدام سے صوبوں کے عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے، پانی بند کرنے سے متعلق جنید اکبر کا بیان غلط تھا، دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں، اللہ نہ کرے پنجاب بھی دہشتگردی کا سامنا کرے۔
