صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ بھی لیا
صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا ملیر میں ترقیاتی منصوبوں اور ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا دورہ
صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے کراچی ڈسٹرکٹ ملیر میں زیرِ تعمیر منصوبوں اور ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا تفصیلی دورہ کیا.
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے قائد آباد میں محکمہ فوڈ کے نئے زیرِ تعمیر گودام کا معائنہ کیا، جہاں محکمہ ورکس اینڈ سروس بلڈنگ کے افسران نے انہیں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی، صوبائی وزیر نے ترقیاتی کام کی رفتار اور معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور کام کے معیار میں بہتری یقینی بنائی جائے، انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی منصوبوں میں کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا.
بعد ازاں صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا بھی دورہ کیا، جیل انتظامیہ نے انہیں جیل کے انتظامی امور اور سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر صوبائی وزیر نے قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے اہلِ خانہ سے بھی گفتگو کی اور ملاقات کے نظام، سیکیورٹی اور سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں.
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے اہلِ خانہ کو ملاقات کے دوران بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور قیدیوں کی بنیادی ضروریات کے حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں.
