دہشتگردی کے خلاف فورسز کی بہادرانہ کارروائیاں ملکی استحکام کی ضمانت ہیں:سپیکر سردار ایاز صادق
اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع کرم میں فتنۂ ہندوستان کے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ کامیاب کارروائی کے دوران 23 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی جرأت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تعریف ہے۔
اپنے ایک بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں خلاف کے جاری کامیاب آپریشنز قابلِ ستائش ہیں اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے فورسز کی دلیرانہ کارروائیاں پوری قوم کے فخر کا باعث ہیں۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بہادرانہ کوششیں ملک کے استحکام کی ضمانت ہیں اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ملکی امن کے لیے ہر محاذ پر ڈٹے ہوئے جوان ہمارے فخر ہیں اور متحد قوم دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔
