ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں:وقارحسین پھلپوٹو
مشیر وزیراعلی سندھ دوست محمداور ڈی جی سیپا وقار حسین کا حیدرآباد کے صنعتی زونز کا دورہ،ماحولیاتی معاملات کا جائزہ
کراچی: سندھ میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں۔ آلودگی پھیلانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔ صنعتی فضلے اور خطرناک اخراجات شہری صحت اور ماحول کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعلی سندھ کے مشیر ماحولیات اور ڈی جی سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی وقار حسین پھلپوٹو نے حیدرآباد کے مختلف صنعتی زونز کا دورہ کیا اور ماحولیاتی معاملات کا جائزہ لیا۔
میئر سیکریٹریٹ میں ڈی جی سیپا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیپا ایکٹ کے تحت صنعتی یونٹس، اسپتالوں اور تعمیراتی سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ماحولیاتی معیار کے خلاف کام کرنے والی فیکٹریوں کو نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں اور قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ، سیلنگ اورمقدمہ درج ہوگا۔صنعتی ترقی ضرور ہو،لیکن ماحول دشمن سرگرمیوں کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر ماحولیات دوست محمد راہموں نے کہا کہ صوبے بھر میں صاف فضا، صاف پانی اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ مستقبل میں ماحولیاتی بہتری کے لیے مزید مضبوط اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ماحولیاتی خلاف ورزی پر سیپا کو فورا اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
