کراچی: ”ای چالان“ سسٹم کا نفاذ، چھ گھنٹوں میں شہریوں پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ”ای چالان“ سسٹم کے نفاذ کے بعد ابتدائی چھ گھنٹوں میں ہی شہریوں پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔
ٹریفک پولیس کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، صرف چند گھنٹوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 662 چالان جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جن کی تعداد 1 ہزار 535 رہی۔
رپورٹ کے مطابق ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166، جبکہ اوور اسپیڈنگ پر 419 چالان کیے گئے۔
اس کے علاوہ، اسٹاپ لائن خلاف ورزی کے 4، کالے شیشوں کے 7، غلط پارکنگ کے 5، نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے کے 5، اور موبائل فون کے استعمال پر 32 چالان جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق غلط سمت (رانگ وے) پر ڈرائیونگ کے 3 اور لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں کو بار بار آگاہ کیا گیا تھا کہ ای چالان سسٹم کے تحت جدید کیمروں سے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، اس لیے احتیاط برتی جائے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، ای چالان نظام کو مزید علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ بغیر رشوت اور انسانی مداخلت کے خودکار نظام کے تحت قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ باندھنے، ہیلمٹ پہننے، موبائل فون کے استعمال سے گریز اور سگنل کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچا جا سکے۔
