18اکتوبر 2007 کا دن تاریخ کا ایک سیاہ مگر لازوال باب ہے:شرجیل انعام
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سانحہ کارساز کی اٹھارہویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک سیاہ مگر لازوال باب ہے، 18 اکتوبر 2007 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو آٹھ سالہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئیں۔ ملک بھر سے لاکھوں جیالے ان کے استقبال کے لیے کراچی پہنچے تھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قافلے پر دہشت گرد حملے اور درجنوں کارکنوں کی شہادت کے بعد بھی شہید بی بی نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور اپنے عوام کے ساتھ کھڑی رہیں۔پیپلز پارٹی کے سینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کیا کہ جمہوریت کی راہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،سانحہ کارساز اُن قوتوں کی ناکامی کی علامت ہے جو عوام کی آواز کو دبانا چاہتی تھیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سانحہ کارساز کے بعد بھی جمہوریت، آئین اور عوامی حقِ حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھی، جو آج بھی پارٹی کی بنیاد ہے۔پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوریت کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔سانحہ کارساز کے شہداء قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کے سنہری باب کا حصہ ہیں۔
